تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ تہران کے قریب ایک حملے میں ہلاک ہونے والے سینئر جوہری سائنس دان محسن فخری زادے کے قتل میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کی رپورٹ میں کیا گیا کہ اس بات کا انکشاف ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک مشیر نے منگل کو کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی جوہری ہتھیاروں کے خفیہ پروگرام کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جانے والے سائنس دان محسن فخری زادے کے قتل کا الزام ایران، اسرائیل پر عائد کرتا ہے اور اس حوالے سے متضاد دعوے سامنے آچکے ہیں۔
اب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مشیر حیسن امیر عبداللہ نے ’’العلم ٹی وی‘‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اس قتل کے مرتکب افراد میں سے کچھ کو سیکورٹی حکام نے شناخت اور گرفتار کر لیا ہے اور وہ انصاف سے بچ نہیں پائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیا صیہونی ریاست امریکی (انٹیلی جنس) سروس یا کسی اور ایجنسی کے تعاون کے بغیر تنہا یہ کام نہیں کرسکتی تھی۔ انہیں یقیناً ایسے کردار کی معاونت حاصل تھی، جو ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر کمانڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ قتل مصنوعی ذہانت اور سیٹیلائٹ کے زیر کنٹرول اسمارٹ سسٹم سے لیس مشین گن کے ذریعے دور سے کیا گیا تھا۔