لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق کرکٹر محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ محمد وسیم اور سلیم یوسف دونوں کا تقرر تین سال کے لیے کیا گیا ہے اور یہ دونوں ورلڈ کپ 2023 تک اپنی ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ محمد وسیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کے دورے پر آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم منتخب کرنے کے ساتھ اپنے کام کا آغاز کریں گے۔
43 سالہ محمد وسیم ان دنوں قائد اعظم ٹرافی میں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں اور وہ قائد اعظم ٹرافی کے بعد عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔
پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔ محمد وسیم جیسے ہی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ سنبھالیں گے، اس کے ساتھ ہی ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے نئے کوچ کا تقرر کردیا جائے گا۔