آؤٹ آف فارم فاسٹ بالر محمد عامر ورلڈ کپ 2019 کے 15رکنی اسکواڈ سے آؤٹ کر دیئے گئے۔ واضح رہے کہ یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ ہے جس میں محمد عامر قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ ورلڈ کپ 2015 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطلی کے باعث ان کی اسکواڈ میں شمولیت ممکن نہیں ہو سکی تھی، جبکہ اب انہیں خراب فارم کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
عامر کے علاوہ مڈل آرڈ بیٹسمین عمر اکمل کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ پاکستان کپ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔ تاہم اس سے قبل آسٹریلیا کیخلاف امارات میں ہونے والی سیریز میں انہوں نے موقع دیئے جانے کے باوجود سلیکٹرز کو مایوس کیا تھا۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، عابد علی، حارث سہیل، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ٹیم انشااللہ جیت کر آئے گی، ہم سب کی یہی دعا ہے، ہم سب سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے اپنے بہترین ٹیم بنائی ہے اور اس میں چیمپیئنز ٹرافی کے 11 کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے کیلئے دو اضافی کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں محمد عامر اور آصف علی شامل ہیں، جو میزبان کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کیلئے دستیاب ہوں گے اور اس سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔