ممبئی: دنیا کے سب سے امیر بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے رواں برس آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے بھاری منافع کمانا ناممکن ہوگیا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہونا تھا۔ وبائی صورتحال اور آئی پی ایل کیلئے راہ ہموار کرنے کی خاطر اسے ایک برس ملتوی کیا گیا۔ اور میزبانی کے حقوق بھارت کو ملے۔ تاہم اب یہی ایونٹ بھارتی بورڈ کے گلے کی ہڈی بننے لگا ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مودی سرکار نے ورلڈکپ کیلئے بی سی سی آئی سے ٹیکس کی مد میں 900 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے کووڈ 19 کے سبب ٹیکس چھوٹ کی درخواست بھی مسترد کردی گئی ہے۔ ادھر آئی سی سی میگا ایونٹ یو اے ای میں کرانے کیلئے بھارتی بورڈ پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے۔
سال 2021 کے سب سے بڑے کرکٹ ایونٹ کے انعقاد میں اب 10 ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ تاہم تیاریوں کے حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ کو دی جانے والی متعدد ڈیڈ لائنز گزر چکی ہیں۔ اب تک بھارتی بورڈ یہ بھی واضح نہیں کرسکا کہ انہیں میزبانی بھارت میں کرنی ہے یا کسی متبادل مقام پر۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار اس بار کسی بھی ملکی ادارے کو ٹیکس میں رعایت دینے کیلئے کسی صورت تیار نہیں ہیں۔ سکھ کسانوں کے جاری احتجاج نے ملکی معیشت کا حشر نشر کردیا ہے۔
بھارتی بورڈ کے ٹاپ آفیشلز نے یونین فنانس منسٹری کے سیکریٹری جے شاہ کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کی مد میں دو برس تک نو سو کروڑ روپے کی ٹیکس چھوٹ کی درخواست دی۔ تاہم یونین فنائنس منسٹری کے سیکریٹری جے شاہ نے اس درخواست کو سرکاری احکامات کے مطابق یکسر مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ جے شاہ ہوم منسٹر امیت شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ جو بھارتی وزیر اعظم نیدرا مودی کے قریبی ساتھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ نے دوسری مرتبہ بھی درخواست دائر کی، جس میں ٹیکس کا 30 فیصد یعنی 227 کروڑ بھارتی روپے ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم اس درخواست کے بعد یونین فنائنس منسٹری نے خاموشی اختیار کر کھی ہے اور کوئی واضح موقف بھارتی بورڈ کو دو ہفتے سے نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے دور میں بھارت میں 2011ء آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے انعقاد پر مکمل ٹیکس چھوٹ دی گئی تھی۔ تاہم مودی سرکار نے 2016ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی بورڈ سے 10 فیصد ٹیکس وصول کیا تھا اور اب پورے پیسوں کا تقاضہ کیا جارہا ہے۔ بعض بھارتی میڈیا چینلز اسے بھتہ قرار دے رہے ہیں۔