لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس میں انہیں یا شہریار آفریدی کو سزا ہوگی۔
لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت میں رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے فرد جرم کے لیے وکلاء کو دلائل دینے کی ہدایت کی اور مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے گاڑی سے میرا بیگ نکالا اس بیگ میں میرے کپڑے تھے، امید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کرے گی، اس کیس میں مجھے یا پھر شہر یار آفریدی کو سزا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کورونا 6 ماہ رہ گیا تو بھوک سے مار دے گا کیونکہ حکومتی کورونا آٹا کھاگیا، چینی کھاگیا اور ہر چیز میں تباہی ہے، حکومتی کورونا میں 100 فیصد موت اور تباہی کا خطرہ ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا بات کرتے ہیں تو کورونا ہی لگتے ہیں، حکومتی کورونا کے خلاف عوام باہر نکلیں، حکومت کو جلسوں کی اطلاع دے رہے ہیں اجازت نہیں مانگ رہے، پی ڈی ایم حکومت سے اجازت لے کر تو تحریک نہیں چلائےگی۔