متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی کمپنیوں نے مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے کارکنوں کو دن کے بجائے رات کے صبح سویرے ڈیوٹی دینے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ روزہ دار مزدوروں کو دن کی مشقت سے بچانے کیلئے بعض دیگر کمپنیوں نے ڈیوٹی کے اوقات صبح پانچ بجے سے دن کے 11 بجے تک متعین کردئیے ہیں۔ جس کے سبب مزدوروں کو ماہ صیام کے دوران عبادت اور آرام کرنے کا بھرپور وقت دستیاب ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی اور ابوظبی کے علاوہ امارات کے مختلف شہروں میں دن کے وقت شدید گرمی ہوتی ہے، جس کے باعث کھلے آسمان تلے محنت مزدوری کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔ ٹھیکیدار کمپنیوں کی جانب سے مزدوروں کو رمضان المبارک کے دوران رعایت دینے کی پیشکش کو وزارت انسانی وسائل نے سراہا ہے۔
وزارت انسانی واسائل کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روزہ دار مزدوروں کو دن کے وقت آرام کرنے کا موقع دینے سے کمپنیوں کی انسانیت نوازی ظاہر ہوتی ہے۔ وزارت نے سرکاری و نجی شعبوں میں کام کے اوقات 8 گھنٹے سے کم کرکے 6 گھنٹے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت انسانی ترقی کے ذرائع نے کہا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے سحر یا فجر کی نماز کے بعد وقت ڈیوٹی کا اعلان اختیاری ہے۔ مزدوراور کھلے آسمان تلے کام کرنے والا عملہ اگر چاہے تو دن کے صبح سویرے کے وقت ڈیوٹی دے سکتا ہے، کیونکہ اس وقت موسم قدر بہتر ہوتا ہے۔
دوسری جانب بلدیہ، تعمیرات اور منصوبہ بندی کے محکمے نے تعمیراتی کمپنیوں کو اوقاتِ کار میں تبدیلی پر اجازت نامہ دینے کی شرائط عائد کر دی ہیں۔ کمپنیوں کو مزدوروں کی سیکورٹی کے علاوہ روشنی کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔