راولپنڈی: خیبرپختونخوا کی ٹیم نے پہلی بار قومی ٹی 20 کپ اپنے نام کرلیا۔ محمد رضوان کی کپتانی میں خیبر پختونخوا نے ہائی اسکورنگ فائنل میں سدرن پنجاب کی ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دی۔ فخر زمان سب سے زیادہ رنز بناکر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی 20 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے کامیاب بالر ثابت ہوئے۔
خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی 20 چیمپیئن شپ کے فائنل میں فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت سدرن پنجاب کو 10رنز سے شکست دے کر قومی ٹی 20 چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس پر خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان اور محمد رضوان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 76رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد رضوان نے 25 جبکہ فخر زمان نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
جس کے بعد شعیب ملک اور محمد حفیظ نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 200 سے زائد پہنچا دیا۔ شعیب ملک نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز جبکہ محمد حفیظ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یوں خیبرپختونخوا نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور سدرن پنجاب کے زاہد محمود، عامر یامین اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
207 کے ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے ابتدائی 3 کھلاڑی محض 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔جس کے بعد حسین طلعت نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور خوشدل کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ میچ کے اختتامی اوورز میں محمد عمران نے 13 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم خیبرپختونخوا کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم اور ٹرافی کی حقدار ٹھہری جبکہ سدرن پنجاب کو 25 لاکھ روپے اور رنرز اپ ٹرافی حاصل ہوئی۔