قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی آپ بیتی ’’گیم چینجر‘‘ پاکستان میں شائع کردی گئی ہے۔ اپنی کتاب میں شاہد آفریدی نے مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی ہے اور حکومت پاکستان سے اس تنازع کے حل کیلئے ڈو مور کا مطالبہ کیا ہے۔ شاہد آفریدی کی ’’گیم چینجر‘‘ نے بھارت میں بھی آگ لگا دی ہے۔
شاہد آفریدی کی سوانح حیات کے جو اقتباس سامنے آئے ہیں انہیں تمام بڑے بھارتی جرائد نے رپورٹ کیا ہے۔ ’’گیم چینجر‘‘ میں شاہد آفریدی نے لکھا ہے کہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے۔ یہ پاکستان کا ہے نہ بھارت کا۔ شاہد آفریدی کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو تنازع کشمیر مقبوضہ وادی کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں: آفریدی نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا۔ وقار خوفناک کوچ قرار
سابق کپتان نے اپنی کتاب میں پاکستان کی موجودہ حکومت کے کشمیر سے متعلق کردار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اس سلسلے میں مزید کام کرنا چاہیئے۔ وہ اس مسئلے کو حل کرا سکتے ہیں اور کشمیریوں کو بھی امن عمل کا حصہ بنانا چاہیئے۔ برصغیر میں سب سے زیادہ تکالیف کشمیریوں نے برداشت کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی کیلئے بے تحاشہ وسائل خرچ ہوتے ہیں، اگر پاکستان اور بھارت یہ تنازع حل کرلیں تو یہ وسائل غریبوں کے کام آئیں گے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی سوانح حیات ’’گیم چینجر‘‘ معروف اینکر پرسن وجاہت سعید خان نے لکھی ہے۔ شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی آپ بیتی پر گزشتہ 2 برس سے کام جاری تھا اور اب یہ کتابی صورت میں 4 مئی کو پاکستان میں شائع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں اپنی زندگی کی سچائی بے باک انداز میں بیان کی ہے۔
شاہد آفریدی اس سے پہلے بھی مسئلہ کشمیر پر کئی بار بات کر چکے ہیں، جس پر بھارتی میڈیا اور بھارتی کرکٹرز کی جانب سے ان پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔