حکومت سندھ اور تاجروں کے درمیان ہونے والی ایک اہم میٹنگ میں کل سے شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کل بروز پیر سے کراچی کی تمام مارکیٹیں کُھلیں گی۔ جبکہ شاپنگ مالز اور پلازے کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے تاجروں کی میٹنگ میں حکومت کی جانب سے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ، سعید غنی، امتیاز شیخ، مرتضیٰ وہاب، عزرا پیچوہو، میئر کراچی، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی موجود تھے۔
جبکہ تاجر برادری کی نمائندگی سراج قاسم تیلی، عتیق میر، شرجیل گوپلانی، محمد احمد شمسی، جمیل پراچہ، رضوان عرفان، سلیم میمن، حماد پوناوالا، شیخ حبیب، کاشف صابرانی، زاہد امین، زبیر علی خان مقصود فراز و دیگر نے کی۔
ساڑھے 3 بجے تک جاری رہنے والے اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔ جبکہ میٹنگ میں چیف سیکٹری سندھ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں طے پایا کہ دکانیں صبح 6 سے شام 4 تک کھلیں گی۔ یوں کاروبار کیلئے 11 گھنٹے کا بڑا ٹائم دیا گیا ہے۔ تاہم شاپنگ مال اور پلازے نہیں کھلیں گے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کا یہ موقف تھا، جس پر وہ ڈٹی رہی۔
ذرائع کے مطابق کاروبار کے اوقات کار صبح 6 سے شام 4 بجے تک اس لئے مقرر کئے گئے ہیں تاکہ لوگ 5 تک گھر پہنچ جائیں۔ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں ہفتہ میں چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو کھلیں گی۔ جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری لاک ڈاؤن ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی سماجی اجتماع، کھیلوں کے مقابلوں پر بدستور پابندی ہوگی۔ سینما، پارکس، شادی ہالز، تعلیمی ادارے بھی بدستور بند رہیں گے۔