کراچی: گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی اور کلفٹن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ہونے والے دھماکے نے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 25 سے زخمی ہوگئے ہیں۔ دونوں دھماکے صرف 24 گھنٹے کے اندر اندر ہوئے ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
منگل کی صبح گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ مسکن چورنگی کے قریب ایک عمارت میں ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ایدھی حکام نے دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے جبکہ 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، جنہیں قریبی واقع نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والوں کو پٹیل اسپتال جبکہ جاں بحق افراد کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا، جس کے بارے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا اب تک ایک لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے سے متعلق اسٹیش ہاؤس افسر (ایس ایچ او) مبینہ ٹاؤن نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ بظاہر یہ سلینڈر دھماکا لگتا ہے لیکن بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں جو دھماکے کی نوعیت کی تصدیق کریں گی۔ تاہم عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز پیر کو کلفٹن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر نے بتایا تھا کہ دھماکا ایک دکان کے باہر بس ٹرمنل کے قریب ہوا تھا جس میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجا عمر خطاب نے بتایا تھا کہ دھماکا بس ٹرمینل کے گیٹ پر ہوا جبکہ تقریباً ایک کلو دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر سائیکل میں نصب تھا۔