کراچی کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی اور خریداروں کا رش بڑھنے پر ضلعی انتظامیہ نے متعدد مارکیٹس سیل کردی ہیں۔ لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ میں 45 جبکہ چونگی امرسدھو میں 7 دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔
داخلی راستے پر بیریئر لگا کر شاہ عالم مارکیٹ کو بند کردیا گیا۔ جس کے باعث دکانداروں کی پولیس حکام سے تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔ انتظامیہ کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر پر گھر خریداروں سے واپس گھروں کو جانے کے اعلانات کیے گئے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے انارکلی بازار، رنگ محل مارکیٹ، سوہا بازار، اکبری منڈی اور موچی گیٹ سمیت اندرون لاہور کی تمام بڑی مارکیٹیں کو بند کرادیا ہے۔
ڈی سی افضال دانش کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کھلی دکانوں پر کورونا ایس او پیز کی عمل داری کو چیک کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے چونگی امر سدھو اور فیروز پور روڑ پر کھلی دکانوں کی چیکنگ کی جہاں ایس او پی کی خلاف ورزی پر 7 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی، اعظم مارکیٹ اور دیگر مارکیٹس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والی دکانوں کو بند کروایا جائے گا جبکہ تحصیل سٹی میں دکان داروں کی کورونا سمپلنگ کرنے کیلئے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں بھی دکانداروں اور خریداری کیلئے آنے والے افراد کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 شاپنگ سینٹر کو بند کردیا گیا ہے۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ندا کاظمی نے بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر میں متعدد دکانیں بند کرا دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت سندھ کے طے کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کراچی میں گل پلازہ اور زینب مارکیٹ سمیت 5 مارکیٹوں کو سیل کردیا گیا تھا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حکام نے زینب مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ، مدینہ سٹی اور انٹرنیشنل مارکیٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں، تاجروں کو بتادیا گیا تھا کہ شرائط پر عمل نہیں ہوا تو مارکیٹیں بند کردیں گے، دو دن سے خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں، دکاندار ماسک پہن رہے تھے اور نہ سینیٹائزر کا استعمال کیا جارہا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے مارکیٹ عہدیداروں کی یقین دہانی کے بعد دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ ایک اندازے کے مطابو سیل کی گئی پانچوں مارکیٹوں میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 3 ہزار دکانیں ہیں۔