پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے میچ کو ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلتی نظر آئی اور پوری ٹیم 21ویں اوور میں ہی پویلین لوٹ گئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین فخر زمان اور بابر اعظم تھے، جنہوں نے 22، 22 رنز بنائے۔ جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکے۔
نوٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 106 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے بآسانی 3 وکٹ کے نقصان پر 14 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ کرس گیل نے 50، جبکہ نکولس پورن نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 2 رنز بنا کر وکٹوں کے عقب میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 35 کے مجموعے پر فخر زمان بھی اینڈرے رسل کی گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ حارث سہیل بھی صرف 8 رنز بنا کر آندرے رسل کی ہی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بابر اعظم بھی باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 33 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی۔75 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد 8 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
عماد وسیم ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ حسن علی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 16 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے جنہوں نے 11 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشانے تھومس نے 4 جب کہ جیسن ہولڈر نے تین اور اینڈرے رسل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
106 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بلے باز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 14ویں اوور میں ہی ٹارگٹ پورا کرلیا۔