واشنگٹن: متوقع نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس امیدوار جو بائیڈن نے 2020ء کا امریکی صدارتی انتخاب جیت لیا ہے۔ ڈیموکریٹکس امیدوار جو بائیڈن کو ریاست پینسلوینیا میں کامیابی کے بعد 20 الیکٹورل کالج ووٹ حاصل ہوئے ہیں جس کے بعد ان کے کُل الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہو گئی۔ جبکہ امریکی صدر منتخب ہونے کے لیے 270 الیکٹورل ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ یوں وہ امریکہ کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اب بھی انتخابی نتائج ماننے سے انکاری ہیں اور انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میں پہلے ہی یہ الیکشن جیت چکا ہوں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انتخاب ابھی ختم نہیں ہوا اور وہ ہار تسلیم نہیں کریں گے۔
متوقع نتائج کے مطابق کملا ہیرس نے امریکہ کی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر منتخب ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بائیڈن کی جیت اس وقت واضح ہوئی جب متوقع نتائج کے مطابق انھوں نے پینسلوینا میں موجودہ صدر ٹرمپ کو شکست دی۔ نو منتخب صدر بائیڈن نے جیت کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز اور امریکہ کے متحد ہونے کا وقت ہے۔
امریکی انتخابات کے نامکمل نتائج کے مطابق بائیڈن امریکہ کے 46 ویں صدر ہوں گے جب کہ کمالہ ملک کی پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدر ہوں گی۔ صدارت کا باضابطہ عمل 14 دسمبر کو ہو گا جب کہ نئے صدر 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔