پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جیوانی کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرکے اعلیٰ کوالٹی کی 350 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ سمندر کے راستے بیش قیمت منشیات اسمگل ہونے کا خد شہ ہے۔ جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر سجاد سکندر رانجھا نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے۔
کمانڈر نے موبائل چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں اور علاقے میں پیٹرولنگ شروع کردی۔ گشت کے دوران اولڈ میرین (جیوانی) کے علاقے میں سمندر کے کنارے مشکوک مقام پر تلاشی لی گئی تو اس دوران زمین کے اندر چھپائی گئی 350 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔ پاکستان کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے شبہ ہے کہ بلوچستان سے پکڑی گئی منشیات بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 2.45 ملین ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 34 کروڑ روپے 70 روپے سے زائد کی بنتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔