کوئٹہ(سپورٹس رپورٹر) جاپان سے بلیک بیلٹ2 ڈان،جاپان کراٹے ایسوسی ایشن کے ریفری جج اوربلوچستان سپورٹس بورڈکے کراٹے کوچ سینسی نصراللہ ہزارہ نے کہا ہے کہ جذبہ ایمانی سے لیس افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری سے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے یہ حقیقت جان لیں کے پاکستان قیامت تک قائم ودائم رہنے کیلئے بنا ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بلوچستان سپورٹس بورڈکے کراٹے کوچ سینسی نصراللہ ہزارہ نے کہا کہ6 ستمبر افواج پاکستان کے شہداءاور سربکف غازیوں کی بے مثال جرات اور بہادری کی بدولت قومی تاریخ کا سب سے تابناک دن ہے یہ دن عظیم قومی جذبے کو دوام بخشتا ہے
جس کی بدولت پاک فوج نے عوام کی بھرپور حمایت سے نا صرف دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے بلکہ شجاعت اور سرفروشی کی ایک لازوال تاریخ رقم کی جو نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبرکی بے مثال قربانیاں اس لازوال یقین کی گواہی دیتی ہیں کہ وطن کی آبرو‘ حرمت‘ سلامتی اور تحفظ ہمارے خون اور ہماری جانوں سے کہیں بڑھ کر ہے پا ک وطن کے وقار کیلئے ہر طاقت سے ٹکرانے کا جذبہ آج بھی ہماری مسلح افواج اور پوری قوم میں موجزن ہے۔