کوئٹہ(سپورٹس رپورٹر) جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی ، سیکرٹری جنرل سینسی عبداللہ چنگیزی اور کراٹے کے نام ورکوچ سینسی نصراللہ ہزارہ نے 6 ستمبر 1965ءکی جنگ میں جام شہادت نوش اور دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے آفیسرز اور جوانوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان اور ہمارے غیور عوام کے مثالی حوصلے، قربانی اور اتحاد کی علامت ہے افواج پاکستان کے آفیسرز اور جوانوں نے اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کرکے ثابت کر دیا ہے کہ پاک فوج پاکستان کے تحفظ کی ضامن ہے۔
جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر سینسی حسین علی چنگیزی کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے اندرونی و بیرونی محاذوں پر دشمن کے عزائم کو شکست دی ہے، افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سینسی عبداللہ چنگیزی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں اور قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔کراٹے کے نام ور کوچ سینسی نصراللہ ہزارہ نے کہا کہ قربانی کی لازوال داستانوں کے بعد وطن اپنی آزادی، وقار اور علیحدہ تشخص برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں جس کا مظاہرہ 6 ستمبر 1965ءکو افواج پاکستان کی جانب سے بھی کیا گیا،آج کے تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم سب مل کر قومی مسائل کا مقابلہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند ہو کر کریں گے۔