لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت مخالف سیاسی تحریک میں شمولیت کیلئے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو مشروط پیشکش کردی۔ انہوں نے کہا ملک میں آئینی طور پر اِن ہاؤس تبدیلی ہوسکتی ہے۔ ہم پی ڈی ایم کے ساتھ اتحاد کیلئے تیار ہیں۔ لیکن ہمارا مطالبہ فرد کی تبدیلی نہیں نظام کی تبدیلی ہے۔
انہوں نے کہا یہ حکومت پہلے سونامی تھی ،پھر ناکامی ہوئی اور اب بدنامی ہوگئی ہے۔ یہ حکومت سسک رہی ہے اور سوائے اخبارات کے کہیں نظر نہیں آتی۔ پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومتیں انتہائی کمزور وکٹ پر کھڑی ہیں۔
سراج الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت نے جلسے روک کر اپنی کمزوری ظاہر کی،جلسے کرنا پی ڈی ایم کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن زیر غور ہے، لیکن شیڈول کا اعلان قبل از وقت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے جو گراؤنڈ کے بجائے صرف ٹی وی پر اور اخبارات میں نظر آتی ہے، یہ پہلے سونامی تھی، پھر ناکامی ہوئی اور اب بدنامی ہوگئی ہے۔ وہی چہرے حکومت میں ہیں جو اپوزیشن میں کبھی رہے، پی ڈی ایم اور حکومت میں اختلاف صرف اقتدار کا ہے۔