کراچی: جمعیت اہلحدیث پاکستان کا اجلاس مرکزاہلحدیث میں چیف آرگنائزر مولانا محمد یوسف سلفی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب اور پاکستان کو اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بڑھتے ہوئے امریکی دباؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ امریکی دباؤ پاک سعودی آزادی و خودمختاری کے منافی ہے۔
مولانا محمد یوسف سلفی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی حکومت فوری طور پر اسرائیل سے متعلق اپنے فیصلے و پالیسی کا واضح اعلان کرے۔ پاکستان ایک آزاد خودمختار ملک ہے یہاں پر کوئی قانون و پالیسی پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے نہیں بنا ئی جا سکتی۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ اسرائل کو تسلیم کرنے سے متعلق امریکی دباؤ میں آ نے کے بجائے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ عالم ِ اسلام و امت مسلمہ کا ازلی و واحد دشمن یہودی ہے جو عالمی دنیا میں مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں براہ راست ملوث ہے اس کو تسلیم کرنا اس کے جرم میں برابر کے شریک ہونے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی واسلامی مملکت ہونے کے ناتے اس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسرائل کو تسلیم کرنے کے بجائے عالم دنیا بالخصوص فلسطین میں مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو رُکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
مولانا بلال احمد سلفی، مولانا معاویہ سلیم، قاری عبد الرزاق،اہلحدیث یوتھ فورس کے ناظم حافظ محمد حنیف سلفی، زاہد سلفی، جمعیت طلباء اہلحدیث کے محمد جمیل یزدانی، رضوان خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔