عراق میں افطار کے بعد انگوٹھی چُھپانے کے دلچسپ مقابلے برسوں سے کرائے جاتے ہیں۔ امریکہ کی فوج کشی سے پہلے عراقی حکومت ’’محیبس چیمپئن شپ‘‘ کے نام سے ان مقابلوں کا انعقاد کرتی تھی اور اس کا فائنل سرکاری ٹی وی پر دکھایا جاتا تھا۔
انگوٹھی چُھپانے کا روایتی کھیل اب بھی رمضان المبارک کے دوران عراق کے گلی محلوں میں کھیلا جاتا ہے۔ شرکا اور شائقین ایک جگہ جمع ہوتے ہیں اور ڈیڑھ سے 2 گھنٹے طویل کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہر ٹیم 50 سے لے کر 250 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے اور کھلاڑیوں کی تعداد کے حساب سے صفیں بنائی جاتی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتان یعنی شیخ انگوٹھی چُھپانے کیلئے ایک، ایک کھلاڑی کو نامزد کرتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس کھیل میں ہر ٹیم دوسری ٹیم سے ایک انگوٹھی چُھپانے کی کوشش کرتی ہے۔ مقابلے کے دوران شیخ کی ہدایت پر ایک نامزد کردہ کھلاڑی ہاتھ میں انگوٹھی لے کر اپنی ٹیم کے ارد گرد چکر لگاتا ہے اور مخالف ٹیم کو چکمہ دیتے ہوئے بڑی مہارت سے انگوٹھی کسی ایک کھلاڑی کو تھما دیتا ہے۔ انگوٹھی ساتھی پلیئر کو تھمانے والے کھلاڑی نے کاندھوں پر کمبل اوڑھا ہوتا ہے، تاکہ حریف ٹیم اندازہ نہ لگا پائے کہ انگوٹھی کس کے پاس ہے۔
دوسری ٹیم بھی انگوٹھی حاصل کرنے کیلئے ایک کھلاڑی کو نامزد کرتی ہے، جو اندازہ لگاتا ہے کہ رِنگ کس کے پاس ہے۔ اکثر اوقات یہ کھلاڑی حریف ٹیم کے ارکان کے چہروں کے تاثرات سے پتا لگا لیتے ہیں کہ انگوٹھی کس نے چُھپائی ہوئی ہے۔ کھیل میں شریک افراد چہرے پڑھنے کے ماہر ہوتے ہیں۔ نامزد کھلاڑی حریف ٹیم کے اُن کھلاڑیوں کو گیم سے باہر بھی کرسکتا ہے، جن کے بارے میں یقین ہو کہ انگوٹھی ان کے پاس نہیں ہے۔
اگر نامزد کھلاڑی پھر بھی انگوٹھی پکڑنے والے خفیہ کھلاڑی کی نشاندہی کرنے میں کامیاب نہ ہو پائے تو دوسری ٹیم کو پوائنٹ مل جاتا ہے۔ اور اگر یہ چہرہ شناس کھلاڑی انگوٹھی والے مخالف ٹیم کے پلیئر کو پہچان لے تو ایک پوائنٹ کے ساتھ ساتھ اس کی ٹیم کو انگوٹھی چُھپانے کا موقع ملتا ہے۔ اگر ایک ٹیم لگاتار 20 پوائنٹس حاصل کرلے تو وہ مقابلہ جیت جاتی ہے۔
محیبس عراقی دارالحکومت بغداد کے تمام علاقوں اور نجف، یعقوبہ، کوفہ، کربلا سمیت دیگر شہروں میں کھیلا جاتا ہے، جس کے مقابلے روایتی طور پر افطار کے بعد کرائے جاتے ہیں۔ افطار پارٹی کے دوران ایک طرف روزہ دار شائقین رمضان المبارک کی روایتی ڈشز سے اپنی دن بھر کی بھوک مٹاتے ہیں وہیں دوسری جانب نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد شرکا گیم میں مگن ہوجاتے ہیں۔
عراق کے خطے کردستان میں بھی انگوٹھی چُھپانے کا مقابلہ ایک روایتی کھیل کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں لوگ آپس میں کھیلنے کے بجائے کافی کے چھوٹے کپس میں انگوٹھی چُھپاتے ہیں۔ اس گیم میں ایک ٹرے پر کئی کپ رکھے جاتے ہیں، جس میں سے ایک ٹیم کھلاڑی کو انگوٹھی والے کپ کا تعین کرنا ہوتا ہے۔