جنوبی افریقہ نے گزشتہ ہفتے ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں ڈیل اسٹین بھی شامل ہیں۔ تاہم بدھ کو انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران وہ اپنا کندھا زخمی کر بیٹھے۔ کنگز الیون پنجاب کیخلاف بالنگ کراتے ہوئے ڈیل اسٹین کے کندھے میں شدید درد اٹھا اور وہ میچ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ بعد ازاں رائل چیلنجرز بنگلور کی منیجمنٹ نے بتایا کہ ڈیل اسٹین انجری مسائل کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں اُسی کندھے میں دوبارہ تکلیف ہوئی ہے جس کا انہوں نے گزشتہ برس آپریشن کرایا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ کی ورلڈ کپ امیدوں کا محور ہیں، جبکہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ بھی قرار دیا جا رہا تھا، مگر اب ان کی میگا ایونٹ میں شمولیت ہی مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ انجری کے ساتھ ہی ڈیل اسٹین کا آئی پی ایل میں سفر ختم ہوگیا ہے اور اب وہ اپنے ملک جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے، جہاں 12 مئی سے پروٹیز کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ منعقد ہوگا۔ تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ڈیل اسٹین کو انجری سے نجات پانے میں کتنا وقت لگے گا، اگر وہ جلد صحتیاب نہ ہوئے تو ورلڈ کپ ٹکٹ سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔
ادھر ورلڈ کپ کے قریب آنے پر آئی پی ایل میں شامل غیر ملکی نے اپنا سامان باندھنا شروع کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ کیلیے منتخب ہونے والے پلیئرز اپنی اپنی فرنچائزز کو چھوڑ کر نیشنل ڈیوٹی پر لوٹ رہے ہیں۔ سب سے پہلے رخصت ہونے والوں میں انگلینڈ کے بیٹسمین جونی بیئر اسٹو ہیں، جو سن رائزرز حیدرآباد کی طرف سے کھیل رہے تھے۔ حیدرآباد کے ایک اور بیٹسمین ڈیوڈ وارنر آئندہ ہفتے آسٹریلوی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ بھارتی کرکٹ ایکسپرٹس کو خدشہ ہے کہ انٹرنیشنل اسٹارز کے آخری مرحلے پر رخصت ہونے سے آئی پی ایل کی چمک دمک ماند پڑسکتی ہے۔