کراچی: انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس کا ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی محمد اشفاق فنڈز نہ ہونے کے باعث بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ وفاقی و صوبائی وزارتِ کھیل اور پاکستان اسپورٹس بورڈ معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے سے گریزاں رہے۔ اسپورٹس ڈپارٹمنٹس کے عدم تعاون کی وجہ سے قومی کھلاڑی محمد اشفاق کول برازیل، پولینڈ اور یوکرین میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ 2018 میں آذربائیجان میں ہونے والے بین الاقوامی ایونٹ میں محمد اشفاق نے روسی حریف کو محض ڈیڑھ منٹ میں ناک آئوٹ کردیا تھا۔ اشفاق اب تک 8 انٹرنیشنل ایونٹس میں 2 گولڈ، 3 سلور اور 2 کانسی کے میڈل حاصل کرچکے ہیں۔
انہوں نے یورپی پروفیشنل کک باکسنگ میں سیکنڈ پوزیشن سلور میڈل حاصل کیا۔ جبکہ ورلڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں چیف جیوری ممبر، بیسٹ ریفری، ججز کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔
موجودہ حکومت کے زبانی جمع خرچ اور اسپورٹس کے فروغ کیلئے اقدامات نہ کرنے کے باعث محمد اشفاق برازیل، پولینڈ اور یوکرین میں ہونے والے پرو ایم ایم اے کے مقابلوں میں فنڈز کی عدم دستیابی پر شرکت نہ کرسکے۔ اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی وزارتِ کھیل اور پاکستان اسپورٹس بورڈ اپنا کردار ادا کرنے سے گریزاں ہے۔
محمد اشفاق جیسے بے شمار باصلاحیت کھلاڑی دیگر کھیلوں میں بھی بین الاقوامی سطح پر فنڈز نہ ہونے کے باعث شرکت سے محروم ہیں۔ جبکہ کھیلوں کی سرپرستی کرنے والے ملٹی نیشنل ادارے بھی کھلاڑیوں کی سرپرستی میں موجودہ حالات میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔