کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ریاض الدین نے صنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی عدم فراہمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتکاروں کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں کیے گئے وعدوں کے مطابق صنعتوں کو بلاکسی ناغہ اور مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بصورت دیگر برآمدی آرڈرز کی بروقت شپمنٹ ممکن نہیں ہوسکے گی جس کے نتیجے میں غیر ملکی آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات ہیں۔
ریاض الدین نے حکومت سے اپیل میں کہا کہ موسم سرما کی آمد سے قبل صنعتکاروں کے ساتھ وزیراعظم عمران خان سمیت حکومتی سطح پر متعدد اجلاسوں یہ وعدہ کیا تھا کہ صنعتکار اگر معمول کے ٹیرف سے زائد نرخ پر گیس لینے پر رضامند ہوں تو انہیں بلاتعطل اور پیداواری طلب کے مطابق گیس فراہم کی جائے گی مگر افسوس زائد گیس ٹیرف کے باوجود صنعتوں کو گیس فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ سائٹ کی صنعتوں کو گیس نہ ملنے سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثرہورہی ہیں۔ جمعرات کے روزسے ہی سائٹ میں گیس پریشر صفر ہے جس سے صنعتیں نہیں چلائی جاسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک طرف صنعتوں کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتکاروں سے تعاون طلب کرتے ہیں تو دوسری جانب صنعتوں کو نہ گیس دی جاتی ہے اور نہ بجلی۔
ایسی صورتحال میں نہ تو صنعتوں کو فروغ ملے گا اور نہ ہی ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ پیدواری سرگرمیاں مسلسل رکاوٹ کا شکار ہونے کی صورت میں صنعتیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاض الدین نے ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں صنعتوں کو بلاتعطل اور مکمل پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سوئی سدرن گیس کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی جائیں۔