ملائیشیا کی سیاسی جماعت یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو انہی کی پارٹی سے نکال دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین مہاتیر محمد کی رکنیت اختلاف کرنے پر ختم کی گئی۔
ملائیشیا کی یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاتیر محمد کی پارٹی رکنیت کو فوری طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پارٹی چیئرمین مہاتیر محمد کو ان کی اپنی ہی جماعت کی حکومت کو سپورٹ نہ کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا ہے، ان کی جماعت کے صدر اور ملک کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے مہاتیر محمد کی پارٹی رکنیت منسوخ کی۔ پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ پارٹی صدر و وزیراعظم محی الدین یاسین کی لیڈرشپ کو مسترد کرنے اور پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے پر مہاتیر محمد کی رکنیت از خود ختم ہوگئی۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے ایک اہم ساتھی نے بھی مہاتیر محمد کی رکنیت منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم سابق وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے اس کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ 95 سالہ مہاتیر محمد نے فروری میں اچانک وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دیا تھا اور دوبارہ وزیراعظم بننے کا اعلان کیا تھا تاہم ان کی جگہ خلاف توقع محی الدین یاسین ملک کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔