اسلام آباد: ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت اب سعودی عرب کے ساتھ مل کر فلمیں اور ڈرامے بنانے پر آگئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کے مطابق پاکستانی حکومت چاہتی ہے کہ دونوں ممالک ایک ہی ثقافتی اساس کی بنیاد پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن پر کام کریں۔
سعودی نیوز پورٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں شبلی فراز بولے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی ثقافتی اساس میں بہت مماثلت ہے اس لیے پاکستان کی حکومت چاہتی ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کے لیے مشترکہ پروڈکشن پر کام کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کئی مشہور ڈرامے عربی میں ڈب ہو کر سعودی عرب گئے ہیں اور ایک پاکستانی فلم بھی سعودی عرب میں ریلیز ہوئی۔ موصوف کا کہنا تھا کہ ہماری جو ثقافتی اساس ہے اس میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔
شبلی فراز نے حکومتی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چیزوں کی بنیاد پر ہم بھی چاہیں گے کہ سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ فلموں اور ڈراموں میں پروڈکشن کریں، کیونکہ یہ بہت طاقت ور آلہ ہوتا ہے اور دو ممالک اور عوام کو قریب لانے میں اس کا بڑا کردار ہوگا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی اور پاکستانی عوام کی ایک دوسرے کی ثقافتی میراث کی شراکت داری بہت اہم ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس میں تیزی لائیں اور ادارہ جاتی سطح پر ایک میکینزم لائیں جس میں یہ سلسلہ بلا تاخیر اور بلا تعطل جاری رہے۔