اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے 20 پیسے کا اضافہ کردیا۔ واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران دوسری بار پیٹرول مہنگا کیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچانوے پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عوام کو نئے سال کے پہلے ہی مہینے 2 بار مہنگائی کا تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 109روپے 20 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت 113روپے19پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 76روپے65پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 76روپے 23 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 31 جنوری تک کیلئے ہوگا۔ معلوم رہے کہ سال نو کے موقع پر بھی حکومت نے قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا اور پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔