ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں اضافہ سے برآمدی صنعتوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں،،صحافیوں سے گفتگوکوئٹہ (پ ر) چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر شفیق اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک و معاشرے کی تعمیر وترقی میں صنعت وتجارت کا اہم ترین کردار ہوتا ہے اور قومی معیشت کی مضبوطی میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، وفاقی وصوبائی حکومتیں تاجربرادری اور صنعت کاروں کو در پیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چمن ، تفتان،پشاور ،کراچی اور لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاپاکستانی تجارتی سرگرمیوں میں اہم ترین کردار ہے
لہٰذا وفاقی حکومت بارڈر مارکیٹس بنانے اور ملکی تجارتی پالیسی سازی میں ان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائند وں کو بھی ضرور شامل کرے۔چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر شفیق اچکزئی نے کہا کہ ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی بھرمار کی وجہ سے برآمدی صنعتوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جس سے ملکی برآمدات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کے ریونیو میں بھی متواتر کمی ہورہی ہے لہٰذا حکومت صنعتی خام مال کی درآمد پر ڈیوٹیز میں کمی کرکے برآمدی صنعتوں کو مناسب داموں خام مال کی دستیابی یقینی بنا کر عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔