ہانگ کانگ: چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں مقامی عدلیہ نے پہلی مرتبہ بیجنگ کے بنائے ہوئے سکیورٹی قانون کا استعمال کرتے ہوئے ایک نوجوان سیاسی کارکن پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ملزم کا نام ٹونی چُنگ اور عمر صرف 19 برس ہے اور اس کو امریکہ کی جانب سے چین مخالف اقدامات کی ہدایات مل رہی تھیں۔
اس پر لگائے گئے الزامات کے مطابق یہ کارکن ہانگ کانگ کی چین سے علیحدگی کی کوشش کا مرتکب بھی ہوا۔ فرد جرم عائد کیے جانے سے قبل اس نوجوان کو ہانگ کانگ میں امریکی قونصل خانے کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ امریکہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔ مقامی عدلیہ نے ٹونی چُنگ پر منی لانڈرنگ اور انتشار پسندانہ مواد کی اشاعت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں حکام کو اس سال جون سے یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مقامی ملزمان کے خلاف کارروائی میں چینی حکومت کے تیار کردہ سکیورٹی قانون کو استعمال کر سکتے ہیں۔ چین کی جانب سے ہانگ کانگ میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات خطے میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت کو روکنے کیلئے ہیں۔
دوسری جانب چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کے ایک اجلاس کے مطابق چینی سرزمین اور پُر امن راستوں کی ترقی کے ساتھ تائیوان کے اتحاد کو فروغ دے گا۔ چین، ہانگ کانگ اور مکاؤ کی طویل المدت خوشحالی اور استحکام کو بھی برقرار رکھے گا۔ سنٹرل کمیٹی کا اجلاس جو حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ایلیٹ فیصلہ ساز اداروں کا سب سے بڑا اجلاس ہے، 26-29 اکتوبر کو منعقد ہوا۔