پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے عابد علی، فہیم اشرف اور جنید خان کی جگہ آصف علی، محمد عامر اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی چیف سلیکٹر انضمام الحق نے حتمی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حسنین اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 18 اپریل 2019 کو دورئہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ ٹیم کی تشکیل سے متعلق کی گئی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہاب ریاض نے دو برس سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی، جس کے باعث وہ ہمارے ورلڈ کپ پلان کا حصہ نہیں ہے۔ جبکہ کچھ عرصہ پہلے تک کوچ مکی آرتھر بھی مستقبل کے مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ دینے کے حامی تھے۔
تاہم آج کی گئی پریس کانفرنس میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کو انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے، انہیں شامل کر نے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ریورس سوئنگ اچھی کرتے ہیں، ہمیں لگا کہ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت ہے۔ محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔
انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ سے عابد علی کو باہر کرنا اتنا آسان نہیں تھا، آصف علی کو پاور ہٹنگ کی وجہ سے عابد علی پر فوقیت دی گئی ہے۔ آصف علی نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈیشن جو نظر آرہی اس میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر ایسا کھلاڑی ضرور ہونا چاہیے جو رنز کرسکے۔ انضمام الحق نے کہا کہ بیک اپ کے طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف انگلینڈ میں ہی رہیں گے۔