کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہرنائی کے علاقے شیرگ میں واقع پوسٹ پر دہشت گردں نے رات گئے فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کر بند کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں کی نام میانوالی سے تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار گلزار، حافظ آباد کے سپاہی فیصل، پشین سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالوکیل، کوہاٹ سے سپاہی شیر زمان، ڈیرا بگٹی سے سپاہی جمال، ڈیرا غازی خان سے عبدالرؤف اورمظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے فقیر محمد ہیں۔
واضح رہے کہ اس قبل 23 دسمبر کو ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا تھا جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔