لندن: ہیکروں نے معروف برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے دنیا بھر میں موجود شائقین کا ڈیٹا چُرانے کی کوشش کی ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے سسٹم ہونے والے سائبر حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ نظام کو حملے سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ برطانوی کلب کی جانب سے مںظم حملے کے باوجود اصرار کیا گیا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے شائقین کا ڈیٹا محفوظ ہے۔
فٹبال کلب نے جمعے کی شام انکشاف کیا کہ وہ اس وقت خلل کو کم از کم کرنے کے کوشش کر رہے ہیں اور ہفتے کو ویسٹ بروم فٹبال کلب کے خلاف میچ منصوبے کے مطابق ہو گا۔ کلب نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اس قسم کے حملے سے نمٹنے کے لیے تیار تھے اور انہیں اس وقت ہیکروں کی فٹبال شائقین کے ڈیٹا تک رسائی کا علم نہیں۔
فٹبال کلب نے رسمی بیان میں کہا کہ مانچسٹر یونائٹڈ تصدیق کرتا ہے کہ کلب کو اپنے نظام پر حملے کے تجربے سے گزرنا پڑا۔ کلب نے حملے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کی اور اس وقت واقعے کی تحقیقات اور آئی ٹی کے نظام میں خلل کو کم از کم کرنے کے لیے ماہر مشیروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
اگرچہ یہ سائبر کرائم کے منظم مجرموں کی جدید انداز میں کی گئی کارروائی ہے تاہم اس قسم کی کارروائی کے خلاف وسیع قواعد اور طریقہ کار موجود ہے اور کلب اس خطرے سے نمٹنے کی مشق کر چکا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے سائبر دفاعی نظام نے اس حملے کی نشاندہی کی تھی اور متاثرہ نظام کو بند کر دیا تھا کہ تاکہ نقصان کو کم رکھا اور ڈیٹا کو بچایا جا سکے۔ کلب میڈیا چینلز جس میں ہماری ویب سائٹ اور ایپ بھی شامل ہے متاثر نہیں ہوئے اور اس وقت ہمارے میں علم نہیں کہ ہیکروں کی ہمارے فٹبال شائقین اور کسٹمرز کے ڈیٹا تک رسائی ہوئی یا نہیں۔