ابوظہی: روسی ایم ایم اے ریسلر حبیب نورمحمدوف ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس فتح کے ذریعے اپنے والد کو خراجِ تحسین پیش کیا جو ان کے کوچ اور استاد تھے۔ حبیب کے والد عبدالمناپ رواں برس جولائی میں کووڈ 19 کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے وفات پا گئے تھے۔
32 سالہ حبیب نورمحمدوف نے اپنے آخری میچ میں عبوری چیمپیئن جسٹن گیچی کو دوسرے راؤنڈ میں ’’ٹرائینگل چوک‘‘ نامی ایک خطرناک داؤ لگایا جس سے گیچی ہار تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئے اور اس طرح حبیب کو 29ویں فتح حاصل ہوئی۔
حبیب نورمحمدوف کے ناقابل شکست کیریئر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ بندھ گیا۔ ان کے کئی مداحوں نے ان کی اچانک ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کیا تو بہت سے شائقین نے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تہنیتی پیغامات دینے والوں میں شائقین سمیت معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔
دنیائے فٹ بال کے کنگ کہلائے جانے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے انسٹاگرام اسٹوری پر حبیب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا: ’’مبارکباد بھائی، آپ کے والد کو آپ پر فخر ہے۔‘‘
حبیب کے سخت ترین حریفوں میں سے ایک کونر مکگریگر جنہوں نے 2018 میں حبیب سے شکست کھائی تھی، نے بھی حبیب کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں حبیب کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا: ’’گُڈ پرفارمنس۔‘‘ انہوں نے اپنے خاندان کی جانب سے حبیب کے والد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اُن کے لیے تعزیت بھی پیش کی۔
اس سے قبل فائٹ کے اختتام پر حبیب نورمحمدوف کہا تھا کہ یہ میری آخری لڑائی تھی۔ میں اپنے والد کے بغیر یہاں آنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں ریٹائرمنٹ سے قبل ساتھیوں سے اپنے گلووز کاٹنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے صرف یو ایف سی سے ایک چیز کی امید ہے اور وہ یہ منگل کے روز آپ نے مجھے نمبر ایک پاؤنڈ فار پاؤنڈ فائٹر قرار دینا ہے کیونکہ میں اس کا حق دار ہوں۔ میں ایک غیر متنازع یو ایف سی لائٹ چیمپیئن ہوں۔ 13 صفر کا ریکارڈ یو ایف سی میں اور 29 فتوحات کا ریکارڈ پروفیشنل ایم ایم اے کریئر میں۔ میرے خیال میں میں اس کا حق دار ہوں۔