کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے۔ رواں ماہ سونے کی قیمت میں کافی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ دو ہفتے قبل بھی سونے کی قیمت میں ریکارڈ 2500 روپے کمی واقع ہوئی تھی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 51 ڈالر گھٹ کر 1815 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2350 روپے اور2015 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 110500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 94736 روپے ہوگئی۔
بلین مارکیٹ کے ڈیلروں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2000 روپے کم رہی ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کی کمی سے 1180 روپےاور فی دس گرام چاندی کی قیمت 25 روپے 75 پیسے کی کمی سے 1011 روپے 65 پیسے ہوگئی۔