کہا جا رہا ہے کہ کرس گیل اور اینڈرے رسل کو آئی پی ایل کی مصروفیات کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، کیونکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (سی ڈبلیو آئی) نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹی 20 لیگ کھیلنے کی اجازت پہلے ہی دے رکھی تھی۔
تاہم غور طلب امر یہ ہے کہ ورلڈ کپ 2019 سے قبل آئرلینڈ اور بنگلہ دیش کا مقابلہ کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم میں سی ڈبلیو آئی سلیکٹر نے اور بھی کئی اہم نام شامل نہیں کئے ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ کے مطابق ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ فلائیڈ ریفر نے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ جیسن ہولڈر کی قیادت میں ویسٹ انڈین ٹیم میں چند تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ باقی تمام غیر تجربہ کار اور نئے ہیں۔
تاہم کپتان کو ڈیرن براوو، شے ہوپ، روسٹن چیز اور شین ڈاوریچ کا تعاون حاصل ہوگا۔ ٹیم میں دسمبر 2017 میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے فاسٹ بالر شینن گبرئیل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سلیکشن پینل میں قائم مقام کوچ فلائیڈ ریفر، کپتان جیسن ہولڈر اور قائم مقام چیئرمین سلیکٹرز رابرٹ ہائنس شامل تھے، جنہوں نے کرس گیل، اینڈرے رسل، شمرون ہیٹمر اور الزرے جوزف جیسے بڑے ناموں کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور میزبان آئرلینڈ کے درمیان طے شدہ سیریز ورلڈ کپ کیلئے ریہرسل قرار دی جارہی ہے، جو 5 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گی۔
تین ملکی سیریز کیلئے ویسٹ انڈین اسکواڈ میں کرس گیل اور اینڈرے رسل کی عدم شمولیت دونوں کھلاڑیوں کیلئے سیٹ بیک بھی سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ ورلڈ کپ سے قبل بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کھیلنا ان کیلئے پلس پوائنٹ ثابت ہوسکتا تھا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ میں ہوگا، جہاں کنڈیشنز بھی آئرلینڈ سے مطابقت رکھتی ہیں۔ سیریز کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم جیسن ہولڈر (کپتان)، جان کیمبل، ڈیرن براوو، شے ہوپ، شیلڈن کوٹریل، شینن گبرئیل، کیماروچ، سنیل ایمبریس، ریمنڈ ریفر، فیبیان ایلن، ایشلے نرس، روسٹن چیز، شین ڈاوریچ اور جوناتھ کارٹر پر مشتمل ہے۔