لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فرانس میں حکومتی سرپرستی میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمانین کا فرانس میں مساجد کو بند کرنے کی دھمکیاں دینا بدترین انتہا پسندی ہے۔
چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ اسلام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد مسلمانوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اقدام ہے۔
واضح رہے کہ فرانس بھر میں قدامات پسند ہونے کے شبے میں درجنوں مساجد کیخلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمانین نے بتایا ہے کہ فرانسیسی حکام گزشتہ روز سے درجنوں مساجد اور نماز کے مقامات پر قدامت پرست تعلیمات کے شبہ میں تحقیقات کر رہا ہے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ اگر نماز کا کوئی مقام شدت پسندی کو فروغ دینے میں ملوث پایا گیا تو اسے بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 76 مساجد کو فرانس کے جمہوری اقدار اور اس کی سلامتی کے لئے ممکنہ خطرہ قرار دے کر نشاندہی کی گئی ہے۔