اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی 76 برس کی عمر میں راولپنڈی کے ایک اسپتال میں وفات پا گئے ہیں۔ میر ظفر اللہ خان جمالی کو چار روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
پیر کے روز غلط فہمی کی بنا پر صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر حکومتی وزرا اور اراکین نے ٹوئٹر پر میر ظفر اللہ جمالی کی وفات کی خبر شیئر کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا تھا۔ بعد ازاں یہ خبر غلط ثابت ہونے پر سب حکومتی شخصیات نے اپنی اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔
آج بدھ کو ظفر اللہ جمالی کے قریبی رشتہ دار اور سابق وزیرِ اعلیٰ میر جان محمد جمالی نے ان کی وفات کی تصدیق کی اور بتایا کہ کل میت ان کے آبائی علاقے ضلع جعفرآباد روجھان جمالی میں لائی جائے گی اور وہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ میر ظفر اللہ خان جمالی قیامِ پاکستان کے بعد سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے منتخب وزیرِ اعظم تھے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔