آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) نے فوڈ ڈیلیوری کمپنی فوڈ پانڈا کی من مانیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کردیا ہے اور پہلے مرحلے میں آج 15ستمبر 2020ء سے فوڈ پانڈا سے کھانا ڈیلیوری بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپرا کے چیئرمین محمد نعیم صدیقی نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ایک شکایتی خط میں ممبران کی شکایات اور تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بار بار کمیشن بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالنے اور معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کی نشاندہی کی ہے اور بعض اہم مطالبات پیش کیے ہیں جس میں واضح طور پر کہا ہے کہ اگر ان مطالبات کو نہ مانا گیا تو اپرا مستقل بنیادوں پر فوڈ پانڈا سے کام بند کرنے پر غور کرے گی۔
اپرا کے لیٹر آف ڈیمانڈ میں کہا گیا ہے کہ صرف فوڈ پانڈا کے رائیڈر سے کھانا ڈیلیور کروانے کی پابندی ختم کی جائے کیونکہ اس اجارہ اداری کے نتیجے میں ریسٹورنٹس انڈسٹری کے ہزاروں رائیڈرز بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ ریسٹورنٹس انڈسٹری کا بزنس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ اپرا وینڈرڈیلیوری کو بند کرنے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی لہٰذا یہ پابندی ختم کی جائے اور ریسٹورنٹس انڈسٹری کو وینڈر ڈیلیوری میں روک ٹوک نہ کی جائے۔
نعیم صدیقی نے مزید کہاکہ ریسٹورنٹس انڈسڑی 10 سے 12 فیصد منافع پر کام کرتی ہے اس کے باوجودبار بار کمیشن بڑھانے کا مطالبہ ٹھیک نہیں اور اب تو ان کی بلیک میلنگ بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگرفوڈ ڈیلیوری کمیشن 25 سے 35 فیصد نہ کیا گیا تو ڈیلیوری دینا ہی بند کردیں گے۔ ہمارا یہ کہنا ہے کہ فوڈ پانڈا ہماری ڈیلیوری کیا بند کرے گی ہم ازخود ہی اس کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور کسی صورت بھی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
لیٹر آف ڈیمانڈ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس انڈسٹری کو صرف فوڈ پانڈا سے کھانا ڈیلیور کروانے کا پابند کرنا بھی قابل قبول نہیں لہٰذا کسی بھی کمپنی کے ذریعے فوڈڈیلیوری کی آزادانہ اجازت ہونی چاہیے تاکہ کسی ایک مخصوص کمپنی کی اجارہ داری نہ ہو اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے قوانین کی خلاف ورزی بھی نہ ہو بصورت دیگر اس قسم کی اجارہ داری کے خلاف اپرا سی سی پی سے رجوع کرنے پر مجبور ہوگی۔
چیئرمین اپرا نے مزید کہاکہ بار بار کمیشن بڑھانے کے نام پر بلیک میلنگ اور فوڈ ڈیلیوری بند کرنے کی دھمکی کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالاجائے کیونکہ اگر فوڈ پانڈا کی من مانیاں اسی طرح جاری رہیں تو اپرا پہلے مرحلے میں کراچی میں فوڈ پانڈا کے ساتھ کاروبار بند کرے گی اور پھر ملک بھر میں مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔