برلن: جرمنی میں نشئی ڈرائیور نے راہگیروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز منگل کو جرمنی کے سلطنت روم کے دور کے شہر ٹریئر میں پیش آیا، جس میں تقریباً دو ماہ کی ایک بچی بھی ہلاک ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نشے میں دھت ڈرائیور اپنی گاڑی اتنی تیز رفتاری سے چلا رہا تھا کہ وہ جس جس کو بھی لگی، وہ اڑ کر دور جا گرا۔ پولیس نے فوری طور پر ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی اپنے قبضے میں لے لی تھی۔ حملہ آور نے اپنی گرفتاری کے خلاف مزاحمت بھی کی۔
مرنے والوں میں تین خواتین شامل ہیں، جن کی عمریں 25، 52 اور 73 برس بتائی گئی ہیں۔ چوتھی ایک دوماہ کی بچی تھی اور پانچواں اس شیر خوار بچی کا والد، جس کی عمر 45 برس تھی۔ اس حملے میں اس جرمن شہری کی بیوی اور ایک سال کا بیٹا زخمی بھی ہو گئے۔ وہ بھی 12 دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
یہ حملہ 51 سالہ مقامی شہری نے کیا، جس کی وجہ سے اس پر دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئی ہیں۔ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ اس حملے کی وجہ کیا تھی اور ملزم اس جرم کا مرتکب کیوں ہوا؟ ملزم کو اپنے خلاف قتل اور اقدام قتل کے کئی الزامات کا سامنا کرنا ہو گا۔
ریاستی دفتر استغاثہ کے ایک اہلکار پیٹر فرٹسن کے مطابق ملزم گزشتہ چند دنوں سے اپنا زیادہ تر وقت اسی گاڑی میں گزارتا تھا، جس کو اس نے اس حملے کے لیے استعمال کیا۔ حملے کے وقت ملزم شراب کے نشے میں تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم بظاہر نفسیاتی مسائل کا شکار لگتا ہے اور اس کے ہلاکت خیز جرم کا بظاہر کوئی سیاسی یا مذہبی پس منظر نہیں ہے۔