راولپنڈی: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ کپتان بابر اعظم مین آف دی میچ قرار پائے۔ جبکہ عثمان قادر نے پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ زمبابوین ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور کپتان چامو چھبابا بغیر کوئی بغیر بنائے پویلین لوٹے۔
ٹیم کے مستند بیٹسمین برینڈن ٹیلر 20 اور شان ولیمز 25 رنز سے زیادہ نہ بنا سکے۔ ایلٹن چگمبرا نے 21 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ محمد حسنین اور عثمان قادر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے کپتان بابر نے اوپنر فخر زمان کے ساتھ اننگز اوپن کی۔ فخر کو 36 رنز کے مجموعے پر مزربانی نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے 19 رنز بنائے۔ دوسری وکٹ 64 کے اسکور پر گری، جب نگاروا نے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کو صرف سات رنز پر قابو کرلیا۔
تیسری وکٹ پر کپتان بابر کے ساتھ محمد حفیظ نے 80 رنز جوڑے اور میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ بابر نے اپنی 15 ویں ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ 142 کے مجموعی اسکور پر وہ 82 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
حفیظ ہدف کے انتہائی قریب آکر یعنی 156 کے اسکور پر اپنی وکٹیں اڑوا بیٹھے۔ وہ 32 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز کر مزربانی کی گیند پر ببولڈ ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے مزربانی نے دو شکار کئے۔