نائجیرین ویمن ٹیم اب تک ہونے والے تمام 7 فٹ بال ورلڈ کپس میں شرکت کرنے والی واحد مسلم ٹیم ہونے کے ساتھ ساتھ واحد افریقی ٹیم بھی ہے۔
واضح رہے کہ خواتین کا افتتاحی فٹ بال ورلڈ کپ 1991 میں چین میں منعقد ہوا تھا، جس میں امریکی ٹیم چیمپئن بنی تھی۔ اس بار خواتین کا عالمی فٹ بال ایونٹ فرانس میں ہونے جا رہا ہے۔
2019 فیفا ویمن ورلڈ کپ جون میں شروع ہوگا، جس میں نائجیریا سمیت 24 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ٹیموں کو 6 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ’’اے‘‘ میں میزبان فرانس، کوریا، ناروے اور نائجیریا شامل ہیں۔ گروپ ’’بی‘‘ میں جرمنی، چین، اسپین اور جنوبی افریقہ ہیں۔ گروپ ’’سی‘‘ آسٹریلیا، اٹلی، برازیل اور جمائیکا پر مشتمل ہے۔ گروپ ’’ڈی‘‘ میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ارجنٹائن اور جاپان کو رکھا گیا ہے۔ گروپ ’’ای‘‘ میں کینیڈا، کیمرون، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔ جبکہ گروپ ’’ایف‘‘ میں امریکہ، تھائی لینڈ، چلی اور سوئیڈین کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
نائجیریا کی ٹیم کو تمام ویمن ورلڈ کپس کھیلنے کا اعزاز تو حاصل ہے، مگر یہ ٹیم ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں صرف ایک ہی بار کامیاب ہو سکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019 میں بھی نائجیرین ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکے گی، کیونکہ اس کا مقابلہ سابق چیمپئن ناروے سے ہے۔ اسی طرح 2011 ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن پر آنے والی فرانسیسی ٹیم بھی نائجیریا کے مقابل ہوگی۔
واضح رہے کہ اس وقت عالمی درجہ بندی میں فرانس کی ٹیم تیسرے اور ناروے کی ٹیم 13ویں نمبر پر موجود ہے۔ جبکہ نائجیریا کے گروپ میں ہی شامل کوریا دنیا کی 14ویں بہترین ٹیم ہے۔
فیفا ویمن ورلڈ کپس کی چیمپئن ٹیموں کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ 3 مرتبہ ٹرافیاں تھامنے کا اعزاز امریکہ کی خواتین کے پاس ہے۔ جبکہ جرمنی کی ٹیم 2 بار چیمپئن بن چکی ہے۔ اسی طرح ناروے اور جاپان کی ٹیمیں ایک، ایک بار فاتح رہی ہیں۔