مارٹا وومن فٹبال کلب کے بانی و صدر رئیس خان نے کہا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن فیئر اینڈ فری کروائے جائیں۔ 30 دسمبر سے قبل ڈسٹرکٹ اور صوبائی سطح پر نئی باڈیز کا عمل مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر فٹبال کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ پی ایف ایف کی صدارت کیلئے متحرک شخصیت کو منتخب کیا جائے ۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں سیاست کے باعث ملک میں فٹبال زوال پذیر ہے۔ فیفا پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ملک میں بیشتر پلے گرائونڈ تباہ حال ہیں جس کے باعث کھلاڑی مشکلات کا شکار ہیں۔
رئیس خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ کوالیفائیڈ کوچز کی کمی کے باعث وومن کھلاڑی اچھی تربیت سے محروم ہیں۔ کراچی میں وومن فٹبال کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل جلد عمل میں لائی جائے گی۔ جس کی تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں خواتین فٹبال کے فروغ کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائیگا۔
کراچی سمیت ملک بھر میں خواتین کا فٹبال سے لگائو بڑھ رہا ہے۔ اسکول، کالج ، یونیورسٹی گراس روٹ لیول پر وومن کھلاڑیوں کی فٹبال کی جدید تکنیک سے آگاہی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ رئیس خان نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی کمپنیاں بھی فٹبال کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔