اسلام آباد: دہائی کی بہترین ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان کے ایک بھی کرکٹر کو شامل نہ کرنے پر قومی شائقین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز بھی متعصب عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر برس پڑے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ ماہ ’’ٹیمز آف دی ڈیکیڈ‘‘ کی نامزدگی میں کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا تھا۔ تاہم تینوں فارمیٹ کی ٹیموں کے حتمی الیون میں ایک بھی پاکستان کرکٹر کو جگہ نہیں دی گئی، جس پر کرکٹ حلقے سیخ پا ہیں۔
حیران کن طور پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق کپتان یونس خان اور لیگ اسپنر یاسر شاہ سمیت کسی پاکستانی کرکٹر کو شامل نہیں کیا گیا، سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ فینز نے سوشل میڈیا پر آئی سی سی کو شدید تنیقد کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بھارت نواز قرار دیا ہے۔
سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل کی ٹیم نہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ڈیکیڈ کا اعلان کرنا تھا، بابر اعظم جیسے ورلڈ کلاس بیٹسمین کو ٹوینٹی ٹیم میں ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی شاید بھول گیا ہے کہ پاکستان بھی اس کا ممبر ہے۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے بھی آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ آئی سی سی سے شاید غلطی ہوگئی، اسی لئے وہ ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم آف دی ڈیکیڈ میں آئی پی ایل لکھنا بھول گئے۔