اطالوی فٹ بال کلب جونٹیس نے مسلسل آٹھویں مرتبہ سیرے اے کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ رونالڈ کی ٹیم جونٹیس نے سیرے اے کے فائنل میں فائیورنٹینا کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
واضح رہے کہ جونٹیس نے اس سیزن کیلئے پرتگال کے سابق کپتان کرسٹیانو رونالڈو سے 117 ملین ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا تھا اور اس بار بھی قسمت کی دیوی ان پر مہربان رہی۔ انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ہسپانوی لیگ ''لا لیگا'' میں ریال میڈرڈ کو ٹائٹل جتوانے والے رونالڈو نے اطالوی لیگ سیرے اے میں جیونٹیس کو بھی چیمپئن بنا دیا۔ یوں وہ یورپ کی تین بڑی لیگز میں کامیابی حاصل کرنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بن گئے ہیں۔
34 سالہ رونالڈو نے کہا کہ اطالوی لیگ کا پہلا سیزن جیت کر وہ بہت خوش ہیں۔ انگلینڈ، اسپین اور اب اٹلی میں لیگز جیتنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے جیونٹیس کے ساتھ اپنے تجربے کو انتہائی خوشگوار قرار دیا اور کہا کہ ٹیم نے پورے ایونٹ کے دوران عمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے اطالوی کلب کے فینز کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہزار فیصد پُرامید ہیں کہ آئندہ برس بھی جیونٹیس کا حصہ ہوں گے۔