لاہور: انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان پر ’’احسان‘‘ کرتے ہوئے آئندہ برس اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ابتدائی طور پر ٹی ٹوئنٹی سیریز اگلے برس جنوری میں کھیلی جانی تھی، لیکن انگلینڈ نے مصروف شیڈول کے باعث اسے ملتوی کر دیا ہے۔
سیریز ملتوی کرنے کے باوجود بنیادی مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور اکتوبر 2021 میں اعلان کردہ سیریز بھی انتہائی سخت شیڈول میں کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم سخت سیکورٹی حصار میں کراچی میں صرف چار روز ٹھہرے گی اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
انگلش کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی اور دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو اکٹھا بھارت روانہ ہوجائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جس پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے منگل کی شام دورہ پاکستان کی تصدیق کردی تھی البتہ مہمان ٹیم یہ دورہ اکتوبر میں کرے گی۔
جنوری میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اکتوبر میں دورے کی تجویز پیش کی جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔ لہٰذا یہ 16 برس بعد انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ ہوگا۔