لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ویمنز ٹیم مینز ٹیم کے ہمراہ رواں برس اکتوبر میں دو ٹی ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔یہ میچز کراچی میں مینز ٹیم کے ساتھ ڈبل ہیڈرز کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی 14 اور 15 اکتوبر جبکہ ون ڈے 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کل 4 میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے 2 مینز اور 2 ویمنز ٹیموں کے ہوں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں نے گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کا مقابلہ کیا تھا جس کے بعد کوئی میچ نہیں ہوا اور اس میچ میں انگلینڈ نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیری 0-2 اور ایک روزہ سیریز 0-3 سے جیت لی تھی۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کا کہنا تھا کہ خواتین کی عالمی چمپیئن انگلینڈ کی ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصا ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک بڑا اہم اعلان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضوطی اور اعتماد کی واضح مثال ہے، کورونا کی وجہ سے گزشتہ سال ملک میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچوں کے کامیاب انعقاد سے دیگر بورڈز کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی چمپیئن ٹیم کے پاکستان آنے سے قومی خواتین ٹیم کو تجربہ ملے گا۔