کراچی: ڈالر کی قیمت مسلسل چار روز سے بڑھتے ہوئے 160 کی سطح سے اوپر چلی گئی ہے۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر دوبارہ تگڑا ہونے لگا۔ آج منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 40 پیسے اضافے کے ساتھ 160.40 پر بند ہوئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے اختتام تک ڈالر 50 پیسے اضافے کے ساتھ 160.30 پر بند ہوا۔
ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی اور ایک موقع پر 160.45 کی قیمت پر بھی ٹریڈ ہوا۔ تاہم ٹریننگ کے اختتام پر اس میں 5 پیسے کی کمی واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جون جولائی میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 170 روپے کے قریب پہنچ گیا تھا۔ اس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے پر ڈالر کی قدر میں بتدریج کمی آتی گئی۔ تاہم اب ایک بار پھر اس کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
اسی طرح دیگر کرنسیوں کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایچشن آف پاکستان (ای کیپ) کے مطابق منگل کے روز یورو کی قیمت خرید 195 روپے اور قیمت فروخت 196.50 رہی۔ اسی طرح برطانوی اسٹرلنگ پاؤنڈ کی قیمت خرید 216 روپے اور قیمت فروخت 217.50 رہی۔
سعودی ریال کی قیمت خرید 42.40 روپے اور قیمت فروخت 42.60 اور اماراتی دینار قیمت خرید 43.60 روپے اور قیمت فروخت 43.80 ریکارڈ کی گئی۔