کراچی: ڈی آئی جی پولیس ویسٹ زون کراچی کیپٹن (ر) عاصم خان نے کہا ہے کہ صنعتی علاقے سیاسی سرگرمیوں کے لیے نہیں ہوتے بلکہ لوگ یہاں اپنی روزی روٹی کمانے آتے ہیں چاہے وہ ورکرز ہوں، منیجر، سپروائزر یا پھر فیکٹری مالکان لہٰذا سائٹ صنعتی ایریا میں ہر طرح کی وال چاکنگ اور جھنڈے ہرگز قابل قبول نہیں جسے ایک ہفتے کے اندرہٹا دیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے انہوں نے سائٹ لمیٹڈ کو مشورہ دیا کہ مستقل بنیادوں پر وال چاکنگ کو ختم کرنے کے لیے ایک ٹیم مقرر کی جائے یاکہ اس علاقے کو آئیڈیل بنایا سکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس سے سائٹ کے سرپرست زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی، نائب صدر ریاض الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈی آئی جی کے ساتھ کے محکمے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
کیپٹن (ر) عاصم خان نے مزیدکہا کہ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے ہر فیکٹری کو کم سے کم 2 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے چاہیے جن میں ایک مرکزی گیٹ پرجبکہ دوسرا کیمرہ ایسی جگہ پر لگایا جائے جو باؤنڈرل وال کے ساتھ ساتھ کم از کم 50 میٹر کا احاطہ کور کرے۔اسی طرح بینکوں کو بھی احاطہ میں داخل ہونے والے ہر فرد کی شناخت کے لیے کیمرہ نصب کرنا چاہیے اور سیکیورٹی سے متعلق تجاویز کے لیے ویجی لینس افسر کا تقرر کرنا چاہیے۔
اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست زبیر موتی والا نے ڈی آئی جی کی توجہ پولیس گشت میں کمی کی طرف مبذول کرواتے ہوئے گشت بڑھانے کی درخواست کی تاکہ صنعتی ایریا میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے سائٹ ایریا میں سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے ایسوسی ایشن کی کوششوں کے بارے میں بتایا اور درخواست کی کہ وہ محکمہ پولیس کے متعلقہ حکام کو خط ارسال کریں جس میں یہ بتایا جائے کہ اسٹریٹ کرائم میں اضافے کی اصل وجہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں لہٰذا سڑکوں کی تعمیر سے یقینی طور پر اسٹریٹ کرائم پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبد الہادی نے ڈی آئی جی ویسٹ کو صنعتی ایریا میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری ودیگر واقعات تقریباًختم ہو چکے ہیں اور اسٹریٹ کرائم کا مجموعی گراف بھی کم ہوا ہے جس کے لیے پولیس کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے ڈی آئی جی ویسٹ کی توجہ سائٹ ایسوسی ایشن کے کرائم مانیٹرنگ سیل میں تعینات پولیس کی کم نفری کی طرف مبذول کروائی جو اس وقت 49 ہے اور نفری کو بڑھانے کی درخواست کی جس پر ڈی آئی جی ویسٹ زون نے نفری کو بڑھا کر 60 کرنے کا اعلان کیا اور موقع پر ہی ہدایت جاری کیں۔
کیپٹن (ر) عاصم خان نے سابق ایس آئی پی ضمیر کی جگہ پر ایک افسر کی تقرری کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او پولیس کے اہم افسر ہیں لہٰذا وہ امن وامان کو برقرار رکھنے میں اپنی کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے کرائم مانیٹرنگ سیل کے لیے 2 آؤٹ آف آرڈر پولیس موبائل فراہم کرنے کی پیشکش کی اور صدر سائٹ سے کہا کہ وہ ایک بار پولیس موبائل کی مینٹیننس کے اخراجات ادا کرکے اسے حاصل کرسکتے ہیں جس پر صدر سائٹ نے اتفاق کیا۔
سائٹ کے نائب صدر ریاض الدین نے تجاوزات، غیر قانونی ٹرک اسٹینڈ، ڈھابے وغیرہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے ہٹانے کی درخواست کی جس پر ڈی آئی جی ویسٹ نے ایس پی کو ٹریفک پولیس کے اشتراک سے مشترکہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔