نیوزی لینڈ کی بالنگ آل راؤنڈر ہیلی جینسن اور آسٹریلیا کی نکولا ہنکاک نے آپس میں شادی کرلی۔ نکولا ہنکوک اور ہیلی جینسن کی شادی کی تقریب گزشتہ ہفتے کرائسٹ چرچ میں ہوئی، جس کی تصویر ہم جنس پرست جوڑے کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔ دونوں کھلاڑی رواں برس کے اوائل میں ہونے والی آسٹریلیا کی بگ بیش ٹی 20 لیگ میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ فاسٹ بالر 26 سالہ ہیلی جینسن نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں، وہ 8 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ جبکہ 23 سالہ نکولا ہنکاک کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔ وہ تاحال آسٹریلیا کی قومی ویمن ٹیم میں تو جگہ نہیں بنا پائیں، مگر بگ بیش لیگ میں ملبورن اسٹارز کی طرف سے کھیلتے ہوئی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ ملبورن اسٹارز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے نکولا ہنکاک کو ‘‘نئی زندگی‘‘ کی شروعات پر مبارک باد بھی دی ہے۔
دوسری جانب کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ نے ہیلی جینسن اور نکولا ہنکاک کی شادی کی خبر کو بالکل بھی اہمیت نہیں دی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جینٹل مین گیم میں ہم جنس پرستی کو معیوب سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں جہاں دونوں خواتین کھلاڑیوں نے شادی کی ہے، وہاں 2013 سے ‘‘سیم جینڈر میرج’’ کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی جینسن اور نکولا ہنکاک سے پہلے بھی 4 خواتین کرکٹرز نے ایک دوسرے کو جیون ساتھی بنایا۔ گزشتہ برس جنوبی افریقی ویمن ٹیم کی کپتان ڈین وین نیکرک نے ساتھی کھلاڑی ماریزانے کے ساتھ شادی کرلی تھی۔ سفید فام خواتین کھلاڑیوں کی شادی جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہوئی تھی۔ 2018 میں ہی مئی کے مہینے میں نیوزی لینڈ کی کرکٹرز ایمی سیدرویٹ اور لی تہوہو نے آپس میں شادی کرلی تھی۔ یہ کرکٹ کی تاریخ میں ہم جنس پرستوں کی شادی کا پہلا واقعہ تھا۔