کرکٹ کی عالمی جنگ کا آغاز کھیل کے موجد برطانیہ میں ہوگیا ہے۔ لندن میں جاری ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
اوول کے تاریخی گراؤنڈ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ جبکہ انگلش قائد ایان مورگن کا کہنا تھا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے۔
جنوبی افریقہ کے تجربہ کار فاسٹ بالر ڈیل اسٹین انجری کے باعث ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ نہیں کھیلیں گے۔ جبکہ آئندہ دو میچوں میں بھی ان کی حتمی الیون میں شمولیت کا امکان کم ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں 10 ٹیمیں ایونٹ میں مدمقابل ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔ یوں تمام تمام ٹیمیں آپس میں کھیلیں گی جس کے بعد سرفہرست 4 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل ہوگا۔
پاکستان ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی جو نوٹنگھم کے میدان پر کھیلا جائے گا۔