کراچی: بزنس مین پینل کے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ فیڈریشن ہاؤس کے پلیٹ فارم کو کرپشن کے لیے استعمال کرنیکی اجازت نہیں دی جاسکتی، تجارتی کرپشن میں ملوث تاجروں کو اب فیڈریشن ہاؤس میں کوئی جگہ نہیں ملے گی، یو جی بی کے سرپرست، رہنما اورذمہ داران کو اپنی اپنی کرپشن کا حساب چکانا ہوگا۔
بزنس مین پینل کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ماضی میں فیڈریشن کے سابق صدر زبیر طفیل فیڈریشن ہاؤس کو استعمال کرکے بڑے پیمانے پر کرپشن کرچکے ہیں اور نیب کے شکنجے میں آکر جان چھڑانے کے لیے موٹی رقم پیش کرکے گلو خلاصی کرانے کی کوشش کی ہے لیکن اب تک اُن کا حساب چُگتا نہیں ہوسکا۔
بی ایم پی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یو جی بی کے صدارتی امیدوار اور موزمبیق کے سابق قونصل جنرل خالد تواب بھی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں جس کا امیگریشن آرڈیننس کے تحت ایف آئی آر نمبر 295/2005 درج ہے۔
یو جی بی کی سرپرستی میں فیڈریشن ہاؤس کے پلیٹ فارم کو استعمال کرکے اس کیس کو دبانے کی مسلسل ناکام کی گئی ہے لیکن اب اس کیس میں عالمی سطح پر مسلسل دباؤ بڑھتا جارہا ہے اور خالد تواب کسی وقت بھی قانون کے شکنجے میں آسکتے ہیں۔
ترجمان بزنس مین پینل نے مزید کہا کہ اب شفافیت کا دور شروع ہوچکا ہے، یوجی بی کی سرپرستی میں کرپشن کے کاروبار کے دن ختم ہوچکے ہیں، چوروں کا ٹولہ اپنی اپنی جان بچانے اور قانون کے شکنجے سے جان چھڑانے کے لیے ایس ایم منیر اور خالد تواب کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں، یوجی بی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، 30 دسمبر کو تجارت کے نام پر کرپشن کرنے والوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کرکے کرپٹ ٹریڈرز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔