لاہور(واضح رہے نیوز)پاکستان وہ وینام فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شفیق الرحمن کھٹانہ نے کہا ہے کہ کوروناوائرس نے دُنیا کے تمام ممالک کے کھیلوں کے میدان ویران کر دئیے ہیں کورونا وائرس کے باعث دُنیا بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن سے کھلاڑی، ٹیکنیکل آفیشلز،گراؤنڈ سٹاف اور کھیلوں سے وابستہ دیگر لوگ شدید متاثر ہو رہے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے سے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بھی خراب ہو رہی ہے لہٰذا تمام ممالک کی حکومتوں اور سپورٹس فیڈریشنز کو کھیلوں کے میدان پھر سے آباد کرنے کی حکمت عملی بنانی چاہئے۔
گزشتہ روز اپنے ایک وڈیو پیغام میں پاکستان وہ وینام فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شفیق الرحمن کھٹانہ نے کہا کہ دُنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں فٹنس جم اور پارک بند ہونے کے سبب کھلاڑیوں کیلئے اپنی فزیکل فٹنس کوبرقرا رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اس صورتحال میں حکومت مارشل آرٹس کے کلبوں،فزیکل فٹنس جم اور پارک کھول دے تا کہ کھلاڑی سماجی فاصلہ برقرا ر رکھتے ہوئے اپنی فزیکل فٹنس کو برقرار رکھ سکیں کیونکہ فزیکل طور پر فٹ انسان میں قوت مدافعت دوسرے لوگوں سے زیادہ ہوتی ہے جو انسان کو مختلف وبائی امراض سے محفوظ رکھنے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے لہٰذا کورونا وائرس سمیت دیگر امراض کو شکست دینے کیلئے ہر انسان کو مختلف ورزش کرنی چاہیے۔
پاکستان وہ وینام فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شفیق الرحمن کھٹانہ نے کہا کہ ورزش ذہنی صلاحیتوں کو جلابخشنے میں اہم کردارادا کرتی ہے ورزش کرنے سے انسان چاق و چوبند رہتا ہے جسم کے عضلات اور پٹھوں کی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں اور بدن میں کیلشیم وغیرہ خوب جذب ہوتا ہے، ورزش سے جسم کی فالتو چربی پگھلتی اور موٹاپا ختم ہوتا ہے جسم میں اکثر کچھ خلیات کو سرخ رنگ کا خون نہیں ملتا خصوصاً ہارٹ اٹیک میں تو دل کے وہ خلیات مردہ ہو جاتے ہیں اور دوبارہ زندہ نہیں ہوتے، ورزش سے آکسیجن اور خون کا بہاؤ تیز ہو کر اورخون صاف ہو کر ایک ایک خلیے تک پہنچ جاتا ہے جس کی وجہ سے جسم کا ہر عضو معدہ، جگر، مثانہ، گردے، پھیپھڑے اور دل و دماغ سب کی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے۔